لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان سرمایہ نہ بھیجنے کی اپیل کرنا نامناسب ہے۔
سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل لندن میں شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر اوورسیز اپنی فیملیز کو پیسہ بھیجنے سے نہیں رکیں گے، پاکستان میں افراطِ زر میں کمی آئی مگر مہنگائی مزید بڑھی ہے۔
سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ عوام کی قوت خرید میں کمی آئی ہے، پاکستان کا ہر شہری گزرتے سال کے ساتھ غریب ہورہا ہے، 40 فیصد پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 7 کروڑ بچے خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں، شہباز شریف صرف اپنی کرسی بچانے کیلئے بیٹھے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بھارت کے گریجویٹ گوگل اور مائیکروسافٹ کے صدور ہیں، شہبازشریف ترقی کا نہیں اپنی حکومت چلانے کا سوچ رہے ہیں، پاکستان میں خطے کی سب سے مہنگی بجلی اور گیس فروخت ہورہی ہے۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کی طاقت ہیں، اوورسیز پاکستانی شہریت لےکر بھی پاکستان سے تعلق برقرار رکھے ہوئے ہیں، زرمبادلہ پاکستان بھیجنےکی تعداد بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت مسائل کی بات کم اور حل کی بات زیادہ کرتی ہے، پاکستان میں اصل اپوزیشن عوام پاکستان پارٹی ہے، اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔