190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر

Published On 27 January,2025 02:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دی گئیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری نے عدالت عالیہ میں اپیلیں دائر کیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا، استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، عدالت سزا کو کالعدم قرار دے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ احتساب عدالت کا 17 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بری کیا جائے۔