اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 6 مقدمات میں ضمانت میں 11 فروری تک توسیع کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بشریٰ بی بی کی ایک اور عمران خان کی 6 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل انصر کیانی اور شمسہ کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل انصر کیانی نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنائے جانے پر گرفتار ہوئی ہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں قید ہیں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری لگائی جائے۔
جج افضل مجوکہ نے کہا کہ میں آج پیکا کے تحت درج مقدمات میں مصروف ہوں اس لئے آج کچھ نہیں ہوگا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری درخواست ضمانتوں میں 11 فروری تک توسیع کر دی۔