پنجاب اسمبلی پہلی بار سی پی اے کی ایشیائی علاقائی کانفرنس کی میزبانی کرے گی

Published On 02 February,2025 03:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی پہلی بار سی پی اے (دولت مشترکہ کی پارلیمانی تنظیم) کی ایشیائی علاقائی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔

لاہور میں سی پی اے کی علاقائی کانفرنس 6 سے8 فروری 2025 کو منعقد ہوگی، سی پی اے کانفرنس میں سری لنکا، مالدیپ، برطانیہ، زیمبیا، ملائیشیا اور پاکستان سمیت 20 اسمبلیوں کے 100 سے زائد نمائندے شرکت کریں گے۔

شرکاء میں 13 سپیکرز، 4 ڈپٹی سپیکرز اور ایک چیئرمین شامل ہوں گے ،کانفرنس کا ایجنڈا پارلیمانی جمہوریت، شفاف قانون سازی اور احتساب پر مبنی ہوگا ، پاکستان کا ثقافتی مرکز، اس تاریخی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

کانفرنس سے پاکستان کے عالمی پارلیمانی برادری سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، یہ بین الاقوامی کانفرنس پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرے گی۔

خیال رہے کہ دولت مشترکہ کی پارلیمانی تنظیم کا قیام 1911ء میں عمل میں آیا، کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے 56 ممالک کے 180 پارلیمان اس تنظیم کا حصہ ہیں۔

پنجاب اسمبلی 1954ء سے دولت مشترکہ کی پارلیمانی تنظیم کی رکن ہے ، سی پی اے کا مقصد جمہوری اصولوں کو فروغ دینا اور احتساب کو یقینی بنانا ہے۔