جی ڈی اے کا 8 فروری کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

Published On 03 February,2025 01:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے جعلی انتخابات، نئی کینال نکالنے، امن و امان کی خراب صورتحال اور متنازع پیکا قوانین کے خلاف 8 فروری کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔

جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صفدر عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 8 فروری کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب ریکارڈ دھاندلی کے ذریعے سندھ کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور جی ڈی اے کے امیدواروں کو زبردستی شکست دی گئی، کارکنان اس دن سیاہ پرچم لہرائیں گے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے، ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے پریس کلبوں کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم نے ملک میں آئینی بحران کو جنم دیا ہے اور اب تو جج بھی سیاسی جماعتوں کے حمایت یافتہ مقرر کیے جا رہے ہیں جو عدالتی نظام کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔

ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے متنازع پیکا قوانین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان قوانین کے نفاذ سے آزاد صحافت کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، حکومت عوام دشمن پیکا قوانین کو فوری واپس لے۔

سندھ میں پانی کی قلت پر بات کرتے ہوئے جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پہلے ہی صوبے میں کسان اور کاشتکار پانی کی کمی سے شدید متاثر ہیں اور اب دریائے سندھ پر نئی کینال بنا کر زمینوں کو بنجر بنانے کی ایک گہری سازش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا نے حالیہ بریفنگ میں نئی کینال بنانے کی ذمہ داری کو آشکار کیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ سارا منصوبہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی منظوری سے کیا جا رہا ہے۔