لاہور: (دنیا نیوز) سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں کومبنگ آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سیکرٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین مینگل کے زیر صدارت صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں ٹرائی سیریز، پاک ساؤتھ افریقہ کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، غیر ملکی مہمانوں کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
لاہور میں کرکٹ میچز کے دوران پاکستان آرمی اور پاکستان رینجرز پنجاب کی 1، 1 کمپنی تعینات ہو گی، 8 اور 10 فروری کے میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
اجلاس میں ایل این جی کی سپلائی کمپنیوں اور فلنگ سٹیشن کی سکروٹنی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، غیر قانونی کاربن کی فلنگ کرنے والوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمات درج کرنے کی منظوری دی گئی۔
8 فروری کے احتجاج کی کال کے پس منظر میں امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس موقع پر ملتان میں ایل پی جی ٹینکر دھماکے کے واقعہ بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔