کراچی: (دنیا نیوز) عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے حکومت کا ہدف اپنے لوگوں کی حالت کو بہتربنانا ہے، ہمارا ہدف معاشی ترقی نہیں رہا ہے، حکومت کا پورا زور بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت کو کم کرنا ہے۔
کراچی لٹریچر فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 26 ویں ترمیم اور پیکا قانون کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے، حکومت نے بڑے پیمانے پر ٹیکس عائد کیا، کاروبار پر 61 فیصد ٹیکس کی شرح ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت نے لوگوں کے ٹیکس ریٹ بڑھائے ہیں اور اپنا خرچہ 22 فیصد بڑھایا جا رہا ہے، عوامی نمائندوں کے لیے 700 ارب روپے رکھے گئے ہیں، پنجاب میں ایم پی ایز کو صرف 20 فیصد ملتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے 1500 ارب روپے خرچ کرتے ہیں مگر پاکستان کے 78 فیصد بچے دو جملے نہیں پڑھ سکتے ہیں، بچوں کی ایک بڑی تعداد ہے جو پڑھ ہی نہیں سکتی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان دو سال میں بھارت سے آگے نکل سکتا ہے، پاکستان میں دو کروڑ بچہ سکول سے باہر ہے، بھارت میں 70 لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں۔