لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آئینہ انکو دکھایا تو برا مان گئے، صوبائیت کارڈ کھیلنا آپ کی پرانی عادت ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سندھ میں تمام بڑے پروجیکٹ وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں، مسلسل شعلہ انگیزیاں آپ اور آپ کے لوگ دے رہے، ہمیں کبھی کبھی جواب دینا پڑ جاتا ہے تو آپ خفا ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں ہم نے کبھی سیاست نہیں کی، کیا ہر معاملے میں چچا بھتیجی کا ذکر کرنا سیاست نہیں؟ ہماری مجبوری ہے کھل کر آپ کو جواب بھی نہیں دے سکتے، ورنہ سندھ کے بلدیاتی الیکشن سے لیکر بہت ساری کہانیاں ہمارے پاس بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیہون حادثے پر پنجاب حکومت نے سیاست کرنے کی کوشش کی: شرجیل میمن
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوجائے تو آپ تڑپنا شروع کر دیتے ہیں، سندھ میں جانور بندھے سکولوں اور ٹرانسپورٹ کا رونا سالوں سے لوگ رو رہے ہیں، اپنی حکومت کی 16 سال کی کارکردگی اور مریم نواز کی ایک سال کی کارکردگی کا جب دل چاہے معائنہ کرلیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جو جماعت 16 سال سے کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی وہ ہمیں لیکچر نہ دے، اگر آپ کو کبھی صفائی اور خوبصورت سڑکیں دیکھنے کا شوق ہو تو لاہور لازمی چکر لگائیں۔