مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، بجلی و مواصلات کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق وادی لیپا ، گریس ویلی سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی جس سے بالائی علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے، متعدد مقامات پر برفانی تودے گرنے سے رابطہ سڑکیں بند ہو کر رہ گئیں۔
وادی لیپا شیڑ گلی شاہراہ پر برفانی تودے گرنے سے سڑک بند ہے، وادی نیلم کی شاہراہ کیل تک ٹریفک کیلئے بحال ہے، کیل سے تاؤ بٹ شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق برفباری کی وجہ سے شاہراؤں پر پھسلن ہے، غیر ضروری سفر سے اجتناب برتا جائے۔
دوسری طرف باغ شہر اور گنگا چوٹی، سدھن گلی، نیزہ گلی، پیر کینٹھی، شیروڈھارا، بھیڈی، موٹاں والی، شیر کیمپ کے مقامات پر شدید برفباری ہوئی۔
برفباری سے زیریں مقامات شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے، برفباری سے بیشتر رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، لسڈنہ، حاجی پیر، نیزہ گلی، تولی پیر، بھیڈی، چکارسدھن گلی، حویلی، محمود گلی سمیت متعدد شاہراہیں چھوٹی گاڑیوں کے لیے بند ہیں۔