ملکہ کوہسار مری میں صبح سے برفباری کا سلسلہ جاری، وادیوں نے سفید چادر اوڑھ لی

Published On 01 February,2025 05:47 pm

مری: (دنیا نیوز) ملکہ کوہسار مری میں صبح سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا، مری کی وادیوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

سیاحوں کو اس سال برفباری کیلئے طویل انتظار کرنا پڑا، برفباری کے شوقین سیاح خوشی سے جھوم اٹھے، سیاح برفباری کے حسین اور دلفریب نظاروں سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

مری کی تمام داخلی اور خارجی سڑکیں ٹریفک کے لئے بحال ہیں، مری میں 3 انچ کے قریب برف پڑی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شدید سردی کے باوجود سیاح بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

باغ آزاد کشمیر شہر اور مضافات میں بارش اور بالائی مقامات پر برفباری سے سردی میں اضافہ ہو گیا، برفباری سے لسڈنہ، حاجی پیر، نیزہ گلی، بھیڈی، تولی پیر، سدھن گلی، چکار شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہو گئیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرکزی شاہراہوں کو کھولنے کے لیے ڈوزر لگا دیئے گئے، رات تک بیشتر سڑکوں کو کلیئر کر دیا جائے گا۔