پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے ارمڑ میں دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔
مقدمہ تھانہ ارمڑ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم شدت پسندوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کہ مسجد کے باہر دھماکے کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس پہنچی، پولیس پہنچی تو دھماکے میں مفتی شاکر سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے، مفتی شاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
مقدمہ کے متن میں لکھا گیا کہ بارودی مواد مسجد کے مخصوص چھوٹے گیٹ کے سامنے رکھا گیا تھا، جیسے ہی مفتی شاکر مسجد میں داخل ہوئے دھماکا ہوگیا، واقعہ حالیہ دہشتگردی کی ایک کڑی ہے۔
قبل ازیں پولیس کی جانب سے دہشتگردانہ واقعہ کے مقدمہ کے اندراج کیلئے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، مراسلے میں نامعلوم شدت پسندوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
حکام کے مطابق ارمڑ دھماکے سے متعلق پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، دھماکے میں 600 گرام بارودی مواد استعمال ہوا، بارودی مواد مسجد کے چھوٹے مخصوص گیٹ کے سامنے نصب تھا، مفتی منیر شاکر جیسے ہی اس گیٹ سے مسجد میں داخل ہوئے تو دھماکا ہوگیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے قریبی علاقوں کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے، واقعہ کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ارمڑ میں ہونیوالے دھماکے میں عالم دین مفتی منیر شاکر جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔