عید الفطر: دفاعِ وطن پر مامور جوانوں کے اہلخانہ کے جذبات سے بھرے پیغامات

Published On 31 March,2025 01:55 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وطن کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر مامور جوانوں کے اہلخانہ نے عید پر اپنے پیاروں کیلئے جذبات سے بھرے پیغامات دیئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر تعینات افسران و جوانوں کے اہلخانہ نے وطن عزیز کے لئے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر حفاظت کا فرض ادا کرنے والوں کو سلام پیش کیا ہے۔

حوالدار شاکر کی اہلیہ نے کہا کہ ہم آپ کو آج کے دن بہت یاد کر رہے ہیں، لیکن خوشی ہے کہ آپ مادرِ وطن کے دفاع میں مصروف ہیں، اسی طرح ان کی بیٹی نے کہا کہ آپ نے آج کے خاص دن اپنے اہل خانہ سے زیادہ ملک کو فوقیت دی، جس پر ہمیں ناز ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل شکیل کی بیٹی نے کہا کہ بابا! عید مبارک ہو، ہمیں آپ اور پاک فوج پر فخر ہے، ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ان بہادر سپاہیوں کو عید مبارک، جو آپریشن ایریاز میں بھی ملک کا دفاع کر رہے ہیں، اسی طرح ان کے والد نے کہا کہ میرے دلیر بیٹے اور پاک فوج کے محافظو! آپ کے اہل خانہ ہی نہیں، پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل حسن علی کی والدہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرا بیٹا سرحد پر ملک کا دفاع کر رہا ہے، ان کی بیٹی نے کہا کہ میرے بابا خوش نصیب ہیں کہ وہ پاک فوج کے جانبازوں میں شامل ہیں، میں بھی بڑی ہو کر پاکستان آرمی میں شامل ہو کر ملک کا دفاع کروں گی۔

ان کی اہلیہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ میری طرف سے پاک فوج اور میرے شوہر کو عید مبارک، آپ کے بغیر عید نامکمل ہے، مگر ہمیں فخر ہے کہ آپ آج بھی وطن کے دفاع میں مصروف ہیں۔