بونیر: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے بغیر ہماری عید کی خوشیاں ادھوری ہیں۔
اپنے پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے قوم کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج تیسری عید ہے جو بانی پی ٹی آئی جیل میں گزار رہے ہیں، ان کی رہائی کے بغیر ہماری عید کی خوشیاں ادھوری ہیں، دعا ہے اگلی عید پر عمران خان رہائی پا کر ہمارے درمیان ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشی کے لمحوں میں اسیر کارکنوں اور قائدین کی قربانیوں کو بھی یاد رکھا جائے، جلد اپوزیشن جماعتوں کو ملا کر بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور قانون کی بالادستی کیلئے تحریک چلائینگے، اختلاف رائے ضرور ہے لیکن پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور پر عمران خان کا مکمل اعتماد ہے، ان کے حوالے سے تمام پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، بانی پی ٹی آئی مقبول لیڈر ہے خدارا مزید عوام سے دور نہ رکھا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عید کی خوشیوں کے ساتھ ہم اہل غزہ اور اہل مقبوضہ کشمیرکی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتے۔