اوباڑو، گوجرہ: (دنیا نیوز) مختلف ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق اوباڑو میں سکھر ملتان موٹروے پر تیز رفتار بس الٹ گئی، حادثے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ موٹروے ایم فائیو پر قاضی واہ نہر کے قریب پیش آیا ہے، مسافر بس پنجاب سے کراچی جا رہی تھی۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والے سجاد حسین، محمد آصف اور محمد حسین کا تعلق پنجاب سے تھا، حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
دوسرا واقعہ گوجرہ کے قریب موٹروے ایم 4 پر پیش آیا، جہاں ڈی جی خان سے اسلام آباد جانیوالی بس تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں بس کا ڈرائیور موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگیا، جبکہ سات مسافر جھلس کر زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور جاں بحق شخص کی نعش کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ جھنگ میں گوجرہ روڈ پر آلو سے بھرا ٹرک ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر کار پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں اور رخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا۔