کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا افتتاح کر دیا گیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتظمین کا بہت شکر گزار ہوں کہ ہمیں یہاں مدعو کیا، مویشی منڈی کی وجہ سے شہر میں بڑی رونق لگ جاتی ہے، کراچی مویشی منڈی میں لاکھوں کی تعداد میں جانور لائے جاتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا، کراچی والے عید الاضحیٰ پر فریضہ قربانی کیلئے مویشی یہاں خریدنے آتے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمارے فریضہ قربانی کو قبول کرے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہر سال مرکزی مویشی منڈی قائم کی جاتی ہے، کے ایم سی ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ کو فعال کیا گیا، انتظامیہ اپنی ذمہ داری مویشی منڈی کے حوالے سے ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے بیوپاری اپنے مویشی لے کر فروخت کرنے یہاں آتے ہیں، منڈی کیلئے سکیورٹی کے بھی خصوصی اقدامات کیے جائینگے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلاول بھٹو کی قیادت میں بہتری کا سفر جاری رہے گا، کے ایم سی اور کمشنر کراچی کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی کے تحت شہر میں کچھ منڈیاں لگائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہاب میں بھی کچھ دنوں میں مرکزی مویشی منڈی قربانی کے جانور کی خریداری کیلئے آؤنگا، ہم فیملی پرسنز مل کر اجتماعی قربانی کرتے ہیں، علاقائی سطح پر منڈیاں لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔