غیرجانبدار ملک پہلگام اور جعفرایکسپریس سانحات کی انکوائری کرے: محسن نقوی

Published On 26 April,2025 06:42 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئی تیسرا غیرجانبدار ملک پہلگام اور جعفرایکسپریس سانحات کی انکوائری کرے، ہم بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے شواہد پیش کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ ہندوستان ہمارے ملک میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تین روز میں 7 آئی ای ڈیز حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنائی ہے، بھارت مختلف شہروں میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں دہشتگردی ہو مذمت کرتے ہیں، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کبھی بھارت نے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی بھارت کو ہضم نہیں ہورہی، بھارت میں جب بھی کوئی غیرملکی مہمان آتا ہے تو ایسا واقعہ رونما ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کرےگا، ہماری پوری قوم لڑنے کے لیے تیار ہے، بی ایل اے اور ’را‘ ایک ہی نام ہے، ہمیں سب معلوم ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کے لوگ کس ملک میں جاکر کس کو مل رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہاکہ اگر بھارت نے ہمارے کسی ایک حق کو بھی روکنے کی کوشش کی تو ہم لڑیں گے، اب دنیا پر ہے کہ ہماری انکوائری کی پیشکش کو کیسے لیا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کامزید کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارت ہمارے خلاف ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھ کر جواب دیں گے۔