لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین جوانان پاکستان عبداللہ حمید گل نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان بڑا اہم اہے، بھارت بزدل ملک ہے کبھی بھی پاکستان پر حملہ نہیں کر سکتا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’سچویشن روم‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین جوانان پاکستان عبداللہ حمید گل نے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی ذمہ دار نیوکلیئر ملک ہے، پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کا موقف بڑا کلیئر ہے، بھارت کے فالز فلیگ ڈرامے کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی طور پر خلفشار کا شکار ہے، پہلگام واقعہ پر بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، پلوامہ واقعہ میں بھی شفاف انکوائری سے بھارت بھاگ گیا تھا، دنیا کو سمجھ آگئی ہے بھارت کے بیانیے میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
عبداللہ حمید گل نے کہا کہ بھارت توقع نہیں کر رہا تھا کہ پاکستان اتنا سخت جواب دے گا، دنیا کو معلوم ہے دو ایٹمی ملکوں کے درمیان اگر جنگ ہوئی تو بڑی خطرناک ہوگی۔
بھارت نے تحقیق کے بغیر پاکستان پر الزام لگائے: بریگیڈیئر (ر) مسعود خان
دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) مسعود خان نے کہا کہ کانگریس پارٹی سکیورٹی ناکامی پر نریندر مودی سے سوال پوچھ رہی ہے، چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، سعودی عرب، ترکیہ مشکل وقت میں پاکستان کو سپورٹ کریں گے۔
بریگیڈیئر (ر) مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نے اچھے طریقے سے دنیا میں اپنا کیس پیش کیا ہے، بھارت نے تحقیق کے بغیر پاکستان پر الزام لگائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سرجیکل سٹرائیک کا سوکالڈ ڈرامہ رچا سکتا ہے، ایل اوسی کے قریب شیلنگ کا ڈرامہ بھی کر سکتے ہیں، بھارت اگر ایک میزائل فائر کرے گا تو پاکستان سے 10 میزائل فائر ہوں گے۔
کشمیرمیں لوگوں کے گھروں کو بموں سے گرایا جا رہا ہے: ڈاکٹر قمر چیمہ
دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں پر ظلم کر رہا ہے، عام شہریوں کی زندگیوں کو خراب نہ کیا جائے، کشمیرمیں لوگوں کے گھروں کو بموں سے گرایا جا رہا ہے۔