پیر پگاڑا نے کینالز منصوبہ ختم ہونا عوام کی مشترکہ کامیابی قرار دیدیا

Published On 29 April,2025 01:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگاڑا نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کو کسی بھی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ سندھ کے تمام باشعور نوجوانوں، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی مشترکہ کامیابی قرار دے دیا۔

حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگاڑا نے کہا کہ سندھ کے باشعور لوگوں نے شدید گرمی اور سخت موسم کی پراوہ کئے بغیر چھوٹے چھوٹے قصبوں اور دیہاتوں میں اپنے حق کے لئے بے مثال احتجاج کیا۔

پیر صاحب پگاڑا نے کہا کہ اس وقت ہماری سرحدوں پر جو جنگ کے خطرات منڈلارہے ہیں اس موقع پر پوری قوم کو متحد ہوکر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، پوری قوم اور حر جماعت اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ سندھ کے بارڈر کے قریب واقع ہندوستانی کاشت کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ دو روز میں اپنی فصلیں کاٹ لیں۔