پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان عالمی سطح پر متحرک ہے: عاصم افتخار

Published On 03 May,2025 09:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے سفیر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے والے عاصم افتخار نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان عالمی سطح پر متحرک ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب کی ہفتے سے کم وقت میں دوسری بار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہوئی۔

عاصم افتخار کی نیویارک میں او آئی سی گروپ کے سفیروں سے بھی ملاقات ہوئی، عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں میڈیا کو سفارتی صورتحال پر بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دو مرتبہ ملاقات کی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں پاک بھارت تناؤ پر بریفنگ دی گئی۔

او آئی سی گروپ کے سفیروں سے بھی ملاقات کی گئی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانا بھی زیر غور ہے، مناسب وقت میں سلامتی کونسل کے اراکین کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔