پہلگام واقعہ کے پیچھے کچھ اور ناٹک موجود ہے: احسن اقبال

Published On 05 May,2025 10:37 pm

شکرگڑھ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ کے پیچھے کچھ اور ناٹک موجود ہے۔

پنجاب کے علاقے شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت ایک ضدی بچے کی طرح کا کردار ادا کر رہا ہے، بھارتی تسلیم کر رہے ہیں کہ پہلگام واقعہ ایک بہت بڑا سکیورٹی لیپس تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک ملین فوج کشمیر اور جموں کی وادی میں جھونک رکھی ہے، اتنی سکیورٹی کے ہوتے ہوئے پہلگام واقعہ کیسے ہوا؟ اس پورے واقعے کے پیچھے کچھ اور ناٹک موجود ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ جس کو چاہے اپنے پیروں تلے روندے، بھارت اگر پاکستان پر ایک پنچ لگائے گا تو اسے جواب میں دو پنچ ملیں گے، پاکستان امن کا خواہاں ہے، امن کی خواہش کو اگر کوئی کمزوری سمجھتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر میلی نگاہ ڈالی تو اسے ایسا جواب ملے گا کہ وہ اسے ہمیشہ یاد رکھے گا، اس واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات ہو، پتہ لگنا چاہیے کہ اس واقعے کے ذمہ دار کون ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں اس بات کو اٹھائیں گے،کیا بین الاقوامی معاہدوں کو کوئی فریق یکطرفہ طور پہ ختم کر سکتا ہے؟ پانی کو ہتھیار کے طور پہ استعمال کرنا دراصل بھارت کی اخلاقی اور سفارتی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے،پانی روکنے کی نہ کوئی قانون اجازت دے گا نہ ہی پاکستان اجازت دے گا۔