نیویارک :(دنیا نیوز)امریکہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) گروپ نے جنوبی ایشیا میں سکیورٹی کے بگڑتے ہوئے ماحول پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال پر نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم گروپ کا مشترکہ بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہندوستان کے بے بنیاد الزامات پہلے ہی سے غیر مستحکم خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں، او آئی سی گروپ دہشت گردی کے خلاف اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔
اپنے بیان میں او آئی سی گروپ نے کہا کہ دہشت گردی، اس کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کرتے ہیں، جس کا ارتکاب کسی بھی طرف سے اور جہاں بھی کیا ہو، دہشت گردی کے ساتھ کسی بھی ملک، نسل، مذہب، ثقافت یا قومیت کو جوڑنے کی تمام کوششوں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔
اسلامی سربراہی اجلاس اور او آئی سی کونسل آف وزرائے خارجہ (سی ایف ایم) کے فیصلوں اور اعلانات، خاص طور پر جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں کو یاد کرتے ہوئے گروپ اس بات پر زور دیتا ہے کہ غیر حل شدہ تنازع جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی کو متاثر کرنے والا بنیادی مسئلہ ہے۔
جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے، گروپ پاکستان کے تحمل کے مظاہرے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کے لیے اس کے عزم کو سراہتا ہے۔
علاوہ ازیں او آئی سی پاکستان کے اس موقف کو سراہتا ہے کہ وہ کسی قسم کی کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے اور باہمی احترام اور کشمیری عوام کی جائز امنگوں کے مطابق سفارتی تعلقات کا حامی ہے۔