ڈنمارک: افواج پاکستان کیساتھ یکجہتی کیلئے پاکستانی، کشمیری کمیونٹی کا عظیم الشان اجتماع

Published On 18 May,2025 01:02 pm

ڈنمارک (عظیم ڈار) ڈنمارک میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور یوم تشکر منانے کے لیے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کا ایک عظیم الشان اجتماع انعقاد پذیر ہوا جس میں بھارت کیخلاف جنگ میں فتح کا جشن منایا گیا۔

ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ڈنمارک کے صدر بابر خان اور پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے قائم مقام صدر امیر مختار نقوی اور چوہدری افضال آف ڈھل نے پروگرام کو آرگنائز کیا۔

پروگرام اظہار تشکر برائے افواج پاکستان میں ڈنمارک میں آباد پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے اپنے انداز سے فتح کا جشن منایا جس میں خواتین، بچے، سیاسی، سماجی، کاروباری، مذہبی اور رفاعی حلقوں کی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

پروگرام میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین صدارتی ایوارڈ تمغہ خدمت ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی جبکہ میاں منیر مہمان خاص تھے، پاکستان کی اس عظیم فتح کو ڈنمارک میں کیک کاٹ کر منایا گیا۔

اس موقع پر پاکستان زندہ باد افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج رہی تھی، ملی نغموں کی دھن پر ہر کوئی رقص کر کے اس فتح کو اپنے انداز سے منا رہا تھا، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر زندہ باد، پاک فضائیہ زندہ باد کے نعرے ڈنمارک کی شاہراہوں پر گونج رہے تھے جسے ڈینش عوام اور دیگر کمیونٹیز وکٹری کا نشان بناکر پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کررہے تھے۔

پروگرام میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی نے پہلی دفعہ ملکر پاکستان کی فتح کے جشن کو منایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بھارتی جارحیت کا جواب دیا، اسے تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔