مورو میں کینال منصوبے کیخلاف احتجاج، وزیر داخلہ سندھ کے گھر کو آگ لگادی گئی

Published On 20 May,2025 09:15 pm

نوشہروفیروز: (دنیا نیوز) کینال منصوبے کے خلاف احتجاج کے دوران مورو میں مشتعل افراد نے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کے گھر کو آگ لگادی۔

ذرائع کے مطابق مظاہرین نے کئی کنٹینرز بھی نذر آتش کردیے، قومی شاہراہ پر مشتعل مظاہرین نے ایچ ایس او سمیت پولیس اہلکاروں پر تشدد بھی کیا، مظاہرین ٹریلر سے کھاد کی بوریاں بھی لوٹنے لگے، مشتعل مظاہرین کھاد کی بوریاں لوٹ کر موٹر سائیکل پر لے گئے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی نوشہروفیروز سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں، انہوں نے کہا کہ قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف آہنی اقدامات کیے جائیں، ضلعی سطح پر مزید تازہ دم دستوں، پولیس کمک کو حرکت میں لایا جائے۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندون کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مصطفی عبداللہ بلوچ نے کہا کہ مورو میں مظاہرین کی جانب سے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی رہائش گاہ پر حملےکی شدید مذمت کرتے ہیں، پرتشدد مظاہرہ امن وامان تباہ کرنے کی سازش ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی تہذیب اور ثقافت میں گھروں کو نشانہ بنانا ہمیشہ سے ناپسندیدہ اور قابلِ نفرت عمل سمجھا گیا ہے، کینال کی آڑ میں کی گئی اس تخریب کاری کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے،عوامی نمائندوں کے گھروں پر حملہ جمہوری اقدار پر حملہ ہے۔