ملک میں بڑا آپریشن کرنے سے قبل تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے: بیرسٹر عقیل ملک

Published On 23 May,2025 11:24 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ملک میں اگرکوئی بڑا آپریشن ہوتا ہےتوتمام جماعتوں کواعتماد میں لیا جائےگا۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ جنگ میں بھارت کومنہ کی کھانی پڑی، بھارت اپنی پراکسیزکےذریعےدہشت گردی کررہا ہے، دہشت گردوں کےخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اگرکوئی بڑا آپریشن ہوتا ہےتوتمام جماعتوں کواعتماد میں لیا جائےگا، ملک میں بھارت ہندوتوا ایجنڈے کےتحت دہشت گردی پھیلا رہا ہے،کشمیراورسندھ طاس پرپاکستان کی پوزیشن واضح ہے۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سےبات کرنےمیں دلچسپی نہیں رکھتی، بانی پی ٹی آئی اوران کی جماعت خود اپنےموقف میں واضح نہیں، مقتدرہ کہہ چکی ہے کہ سیاسی معاملات میں ہمیں شامل نہ کیا جائے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بانی کوسیاسی جماعتوں کےساتھ ہی بات چیت کرنی پڑے گی، تحریک انصاف سپیکرآفس کو مذاکرات سے متعلق آگاہ کر دے، ملک استحکام کی طرف جارہا ہے،  پی ٹی آئی خود دلدل میں پھنستی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس کے دل میں چورنہیں ہوتا وہ پولی گرافک ٹیسٹ کروا لیتا ہے، عمران خان پولی گرافک ٹیسٹ نہیں کرا رہے ہیں۔