مظفر آباد: (دنیا نیوز) کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ ،ایک مسجد شہید جبکہ ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔
مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں کے مقام پر بادل پھٹنے سے (کلاوڈ برسٹ) ہونے سے لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی جس کے نیتجے میں کئی مکانات تباہ جبکہ مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
مقامی ذرائع کے مطابق بادل پھٹنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ کئی افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب وادی نیلم میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھ مقام، لوات، دواریاں، دودنیال اور شاردہ میں تیز بارش اور اڑنگ کیل، وادی شونٹھر اور وادی گریس میں بھی تیزبارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
رپورٹ کے مطابق باڑیاں سے میرپورہ کے درمیان شاہراہ نیلم ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے، لیسواہ اور بلگراں نالے میں شدید طغیانی ہے، کئی رہائشی مکان طغیانی کی زد میں آگئے۔