پاکستانی متحد، سیسہ پلائی دیوار، بھارتی بدمعاشی برداشت نہیں کریں گے: سپیکر پنجاب اسمبلی

Published On 29 May,2025 01:16 am

الہ آباد: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے کہا کہ پاکستانی قوم آج ایک متحد قوم ہے اور سیسہ پلائی دیوار ہے، ہم ہندوستانی تسلط یا بدمعاشی برداشت نہیں کریں گے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے الہ آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو گی تو مودی اس قوم کا بال بھی بیکا نہیں کر پائے گا، پہلگام واقعہ ہندوستان کی انٹیلی جنس، آرمی اور سکیورٹی اداروں کی نااہلی تھی۔

ملک احمد خاں نے کہا کہ مودی کی شدت پسندی کا ثبوت یہ بھی ہے کہ پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ لگا ہوا ہے، مودی کی سوچ ہٹلر سے ملتی ہے، پوری دنیا سے تحقیقات کے ایکسپرٹ سے پہلگام کی تحقیق کی پیش کش کی گئی اس کے بدلہ میں سندھ طاس معاہدہ معطل کیا گیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ 80 فیصد پانی پاکستان کا حق ہے، کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مودی دو ملکوں کے مابین ہونے والے معاہدوں کو نہیں مانتا، جو معاہدے 65ء اور 71ء کی جنگ میں نہیں ٹوٹے یہ ان کو توڑنے کی دھمکیا دیتا ہے۔

ملک احمد خاں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ثبوت مانگا تو ہماری درسگاہوں کو نشانہ بنایا گیا، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان کے شاہینوں نے معرکہ حق میں جس بہادری کا ثبوت دیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔