پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: امیر مقام

Published On 29 May,2025 01:22 am

میرپور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرانجینئر امیرمقام نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیر پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، آج کے دن پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا اعلان کیا تھا۔

انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا، الحمدللہ! یہ شرف مسلم لیگ ن کی محب وطن قیادت کو ہی نصیب ہوا، یوم تکبیر کے ساتھ ساتھ ’’معرکہ حق یوم تشکر‘‘ بھی منایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ دن منانے کا مقصد ہے کہ ملک کے ناقابل تسخیردفاع اور استقامت پر اظہار تشکر کیا جاسکے، انہوں نے مسلح افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا، امیرمقام نے افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف شاندار عسکری کامیابی پر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، بھارتی حملے میں معصوم شہری شہید ہوئے، ہمیں جوابی کارروائی پر مجبور ہونا پڑا۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایئرچیف مارشل ظہر احمد بابرسدھو، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، افواج پاکستان کے تمام افسر اور جوان بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بہادر کشمیریوں کی آزادای تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔