برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن پر حملہ، بھارتی نژاد ملزم کی ہمدردانہ رویہ کی اپیل

Published On 30 May,2025 03:45 pm

لندن: (حسیب ارسلان) پاکستان ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والے بھارتی شہری انکیت لو کو لندن کی عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں اس پر سرکاری عمارت کو نقصان پہنچانے کے الزامات پڑھ کر سنائے گئے۔

ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ کی عدالتی کارروائی کے دوران انکیت لو نے خود کو مہاراجہ آف جموں و کشمیر کے طور پر متعارف کروایا، جس پر جج نے مختصر اور واضح جواب دیا، ’’نہیں، آپ کا نام صرف انکیت لو ہے۔‘‘

عدالت میں بیان دیتے ہوئے انکیت لو نے کہا کہ جس رات میں نے پاکستان ہائی کمیشن پر حملہ کیا، وہی میری والدہ کی دوسری برسی تھی، میں ذہنی طور پر شدید پریشان تھا، اس سے پہلے میں انڈین ہائی کمیشن کی عمارت کے بھی شیشے توڑ چکا ہوں، جس کے بعد بھارت نے مجھے بین کر رکھا ہے۔

انکیت نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ مہاراجہ خاندان کا آخری وارث ہے اور عدالت سے اپیل کی کہ اس کی ذہنی کیفیت اور پس منظر کو مدنظر رکھا جائے۔

انکیت نے عدالت کو بتایا کہ میری زندگی کی ایک بڑی خواہش ہے کہ میں لاہور جاؤں، پاکستان ہائی کمیشن سے بھی امید ہے کہ وہ میرے کیس پر ہمدردانہ رویہ اختیار کرے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین کو جموں و کشمیر میں قتل کر دیا گیا تھا، جس کا ان کی زندگی پر گہرا اثر پڑا ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران انکیت لو نے یہ بھی کہا کہ ’’مہاراجہ تو کچھ بھی کر سکتا ہے!‘‘