سوراب: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بینک اورسرکاری افسر کے گھر پر حملہ کردیا جس سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ہدایت اللہ بلیدی شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے بیس سے تیس دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سوراب شہر کے بازار میں داخل ہوئے، سافٹ ٹارگٹ بینک اور مارکیٹوں کو نشانہ بنایا، بازار میں عام بلوچ خواتین اور بچوں پر بھی تشدد کیا۔
بلوچ بچوں اور عورتوں کو بچانے کے دوران اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بلیدہ سے تعلق رکھنے والے سوراب کے اے ڈی سی آر ہدایت اللہ بلیدی نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ایف سی کو آتا دیکھ دہشت گرد فرار ہوگئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر بزدلانہ حملہ کیا ہے جس میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے، سوراب بازار میں بینک لوٹ لیا گیا اور مختلف سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی، اے ڈی سی کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے، ہندوستان کی پراکسیز نے ان کے ایماء پر کارروائی کی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ایف سی پولیس اور لیویز علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور علاقے میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا شہید اے ڈی سی کو خراجِ عقیدت
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، شرانگیزی میں ملوث بزدل دہشت گردوں کا معصوم شہریوں اور ان کی املاک پر حملہ ان کی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی کھلی و واضح عکاسی ہے، دہشت گردوں کے ارض وطن سے صفائے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلی مثال قائم کی، پوری قوم کی ہمدردیاں ہدایت اللہ بلیدی شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، افواج پاکستان بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والی پراکسیوں کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔