کراچی :(دنیا نیوز) سربراہ عوام پاکستان پارٹی وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاسی انتشار کے باعث کسی بھی ملک میں ترقی نہیں ہوسکتی۔
شہر قائد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے حالات کو دیکھنا ہے کہ ہم کہاں کھڑےہیں، مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، ماضی قریب میں بھارت کا رویہ جارحانہ رہا۔
انہوں ںے کہا کہ جو پہلگام میں واقعہ ہوا اس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں تھا، جو ہندوستان نے کیا ہم نے اس کا منہ توڑ جواب دیا، پاکستان نے بھارت کے خلاف فضائی کامیابی حاصل کی، پاکستان نے بھارت کے طیارے مارگرائے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مودی نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے یہ سب کچھ کیا، مودی کو اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں جو خطرناک ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بھارت سے ایسا کوئی خطرہ نہیں جس کامقابلہ نہ کرسکتےہوں، سیاسی انتشار کے باعث کسی بھی ملک میں ترقی نہیں ہوسکتی۔