مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق سے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ کے وفد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر پرامن خطہ ہے، آزاد کشمیر میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہے، لوگوں کو بنیادی جمہوری آزادیاں میسر ہیں، آزادکشمیر میں اتحادی جماعتوں کی کولیشن کی بنیاد پر ایک نمائندہ حکومت قائم ہے۔
چودھری انوارالحق نے کہا کہ آزادکشمیر میں ترقیاتی بجٹ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو برابر سطح پر تقسیم کیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مسلح افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے پاکستان بننے سے پہلے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کر لی تھی، ہمارا پاکستان سے تاریخی رشتہ ہے، انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے مکمل آزاد ہوگا۔