راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیاں کر کے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع قلات کے علاقے مورگند میں کیا گیا جس میں فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدر مملکت، وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا ہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز فتنہ الہندوستان کے خاتمے کیلئے کارروائیاں کر رہی ہیں،دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں بلوچستان میں دہشت گردی پھیلانے والے فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بیرونی پشت پناہی سے بلوچستان میں بدامنی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کر کے بلوچستان میں امن کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔