سپیکر قومی اسمبلی نے بغیر تحقیق میرا ریفرنس الیکشن کمشنر کو بھجوایا: عمرایوب

Published On 03 June,2025 07:13 pm

ہری پور:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمرایوب نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میرے مدمقابل امیدوار نے ایک ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھیجا، انہوں نے بغیر تحقیق کیے وہ ریفرنس الیکشن کمشنر کو بھیجوا دیا۔

عمرایوب کا کہنا  تھا کہ میرے مدمقابل امیدوار نے 2018 اور 2024 کے الیکشن میں یہی اعتراضات ریٹرنگ افسر کو جمع کراۓ تھے جو ریجیکٹ ہوئے،  پھر پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ میں بھی ریجیکٹ ہوئے تھے، ابھی الیکشن کے ڈیڑھ سال بعد پھر اس کو خیال آیا ہے اور یہ ایاز صادق کے ذریعے الیکشن کمشنر کے پاس گیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی رولنگ موجود ہے الیکشن کمشنر اس کیس کو نہیں سن سکتا، میرے مدمقابل امیدوار نے اس سے پہلے بھی دھاندلی کی رٹ کی تھی، جس کا وہ ایک بھی ثبوت نہیں دے سکا اور تاریخوں میں بھی پیش نہیں ہوتا رہا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا  تھا کہ میں الیکشن کے دوران حلقے میں آ نہیں سکا، اپنے والد کے جنازے میں ٹھیک طرح شرکت نہیں کر سکا، یہ ایک فرمائشی پروگرام ہے ہم قانونی طریقے سے مقابلہ کریں گے، ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔