کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ فرار قیدی واپس آجائیں، ورنہ سخت سزا ملے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کی وجہ سے قیدیوں کو بیرکوں سے باہر نکالنے کا فیصلہ غلط تھا، واقعے کی تحقیقات ہوں گی، ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بڑے جرم میں ملوث کوئی قیدی فرار نہیں ہوا، فرار ہونے والے قیدی چھوٹے جرائم میں ملوث تھے، قیدیوں کے فرار کے واقعے میں فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک ہوا۔
واضح رہے کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل سے 216 قیدی دیواریں توڑ کر فرار ہوگئے تھے، قیدیوں نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کی، فائرنگ کے دوران ایک قیدی ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے، 3 ایف سی کے اہلکار بھی زخمی ہوئے، 87 قیدیوں کو مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا گیا، 9 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔