طارق فاطمی کا دورہ روس کامیاب رہا، روسی وزیر خارجہ، اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں

Published On 04 June,2025 07:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی و وزیر مملکت سید طارق فاطمی نے 2 سے 4 جون تک روسی فیڈریشن کا دورہ کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کے علاوہ وزیر توانائی اور پاک- روس بین الحکومتی کمیشن کے شریک چیئرمین سے ملاقاتیں کیں۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور مستقبل میں تعاون کے لئے تجارت، توانائی، نئی سٹیل ملز، سائبر سکیورٹی جیسے اہم شعبوں کی نشاندہی معاونِ خصوصی نے پاکستان اور روس کے مابین توانائی کے شعبے میں مزید ترقی کی امکانات پر زور دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ معاون خصوصی نے روسی وزیر کوجنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا، معاون خصوصی نے کشیدگی کم کرنے میں روس کے کردار کو سراہا، روسی وزیر نے نویں پاکستان-روس بین الحکومتی کمیشن کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی وزیر نے اس سال پاکستان میں آئندہ آئی جی سی کے کامیاب انعقاد کی امید ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان ایک "ٹرانزٹ حب" بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

طارق فاطمی نے روسی صدر کے خارجہ پالیسی کے سینئر مشیر یوری اوشاکوف سے بھی ملاقات کی جبکہ روس کے دو بڑے ٹی وی نیٹ ورکس کو انٹرویوز بھی دیے، ان کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔