موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے 100 ارب روپے مختص کیے گئے: مریم اورنگزیب

Published On 05 June,2025 05:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے 100 ارب روپے مختص کیے گئے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر ماحول پر پڑا ہے، موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، آج پوری دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی کا دن منایا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو محکمہ ماحولیات کا سیکرٹری نہیں تھا، محکمے کے پاس وسائل تھے نہ ہی ماضی میں کوئی توجہ دی گئی، ماضی میں ماحول کے تحفظ کے لیے بجٹ نہیں رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں ایک سال کے اندر ماحول کے تحفظ کے لیے ریکارڈ کام ہوئے، ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ کے لیے 50 ایئرمانیٹرز لگائے گئے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 100 ارب روپے مختص کیےگئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پلانٹ فارپاکستان منصوبے کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، انوائرمینٹل فورس کو ضروری سامان سے لیس کیا گیا ہے، پانی ہماری لائف لائن، ذخائر میں اضافے کے لیے جلد اقدامات کرنا ہوں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پانی کا ضیاع روکنا ہوگا، ماحولیاتی اقدامات کے تحت ایک ایپ شروع کی ہے، آج پنجاب کی گلی، گلی صاف ہو رہی ہے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے لاہور میں متعدد پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جا رہا ہے، نوجوان نسل موسمیاتی خطرات سے نمٹنے میں کردار ادا کرے، پنجاب بھر کے لیے ترقیاتی پروگرام لا رہے ہیں، صوبے میں کسانوں کے لیے سپر سیڈ پروگرام شروع کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 3 ہزار سے زائد سپرسیڈر کسانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں، بڑے شہروں کے لیے ای بس منصوبہ ماحول میں مثبت تبدیلی لائے گا، آلودگی میں کمی کے لیے زراعت اور تعمیراتی شعبے میں جدت لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر تاریخی کام ہوئے جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، پنجاب بھر میں 85 ایئرمانیٹر رواں سال لگائے جائیں گے، پانی مستقبل ہے، آئندہ نسلوں کے لیے ذخائر میں اضافہ کرنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ صاف پانی کے لیے ای میپنگ کر کے ماسٹر پلان بنایا ہے، صوبے میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی لگائی ہے، آلودگی کا باعث بننے والے 800 اینٹوں کے بھٹے گرائے گئے، نئے سروس سٹیشنز پر پابندی لگا دی گئی ہے۔