پاکستان کے جائز مسائل کے حل کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرے: نوازشریف

Published On 02 June,2025 11:01 pm

لندن:(دنیا نیوز) قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے جائز مسائل کے حل کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کےحالات بہترہو رہے ہیں، پاکستان کےعالمی سطح پروقارمیں اضافہ ہوا ہے، پنجاب حکومت مریم نوازکی سربراہی میں بہت اچھا کام کررہی ہے، پاکستان کےعوام کو ماضی کےمقابلےمیں بہتر ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری صحت ٹھیک ہے، چین ، تُرکی اور آذر بائیجان نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پوری دنیا کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے جائز مسائل کی حمایت کرے،اقوام متحدہ کو بھی پاکستان کے جائز مسائل کے حل کے لئے کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔

قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو خود احساس ہونا چاہیے کہ ان کی پاس کردہ قرار دادوں پر کیسے عمل در آمد کرایا جائے، مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین عالمی توجہ کے مرکز ہیں، ان کی مثالیں دنیا کے سامنے موجود ہیں ۔

نواز شریف نے کہا کہ میری دعا ہےپاکستان اسی طرح ترقی کرتا رہے، 2017 میں پاکستان درست سمت میں ترقی کر رہا تھا، سازشوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، پاکستان کے جائز مسائل کا حل پوری دنیا کا حق ہے، اقوام متحدہ کو بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے ۔