راولپنڈی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ دس مئی کے بعد پاکستان قوم میں نئی امید پیدا ہوگئی ہے۔
جڑواں شہروں میں خوشحال پاکستان فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معرکہ حق کی کامیابی کا جشن ہر فورم پر منارہا ہے، معرکہ حق کے بعد پاکستان کا دوسرا جنم ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دس مئی کے بعد پاکستان قوم میں نئی امید پیدا ہوگئی ہے، پوری دنیا نے مانا پہلگام واقعہ انڈیا کا فالس فلیگ آپریشن تھا انڈیا ابھی تک پہلگام واقعہ کے قصور واروں کو سامنے لانے میں ناکام ہے، پاکستان ایئر فورس نے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا پاکستان ایئر فورس نے رافیل سمیت انڈیا کے چھ طیارے گرائے ایک ایک قدم پر تفصیل سے مشاورت ہورہی تھی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ انڈیا ہم سے پانچ گنا بڑا ملٹری مائٹ ہے، افواج پاکستان نے انڈیا کا غرور خاک میں ملایا ہے، انڈیا گھٹنے ٹیک کر سیز فائر کیلئے مجبور ہوا ہے، ہم امن پسند قوم ہیں لیکن جارحیت کا جواب دو گنا جارحیت سے دیا جائے گا۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ انڈین میڈیا کا سارا پروپیگنڈا بے نقاب ہوا اللہ تعالیٰ نے سبز پاسپورٹ کو عزت دلوائی ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت کو بھی کریڈٹ جاتا ہے، پاکستان نے تاقیامت قائم و دائم رہنا ہے، ہم نے انڈیا کو ہر فورم پر شکست سے دوچار کیاہے، پوری دنیا نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہماری فوج کے پاس شہادت کا جذبہ ہے۔