راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بیلاروس کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی قیادت بیلاروس کے کمانڈر ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس میجر جنرل آندرے یولیانو وچ نے کی، ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران فضائی اور عسکری تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، دونوں ممالک کے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں فضائی افواج کے درمیان قریبی اور مسلسل رابطے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، چیف آف ایئر سٹاف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ عسکری تعلقات کو اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ بیلاروس ایئر فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
میجر جنرل آندرے یولیا نووچ نے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا، معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے جنگی تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر کارکردگی کو سراہا۔
آندرے یولیانووچ نے کہا کہ بیلاروس ایئر فورس پی اے ایف کے جنگی تجربات سے سیکھنے کی خواہشمند ہے، انہوں نے پاک فضائیہ سے بیلاروس ایئر فورس کے اہلکاروں کیلئے منظم تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
بیلاروس کے کمانڈر نے ایئر چیف کو بیلاروس میں منعقد ہونے والے دفاعی پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی۔