اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں زیرو ویسٹ آپریشن کامیابی سے جاری رہا۔
ملک میں پہلی مرتبہ ڈرون کیمروں سے صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی، قربانی والے مقامات کی فوری صفائی کے ساتھ عرق گلاب اور فنائل سپرے کے علاوہ چونے کے چھڑکاؤ کا عمل بھی جاری رہا، اسلام آباد کے شہریوں نے صفائی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام اباد، اے سیز فیلڈ میں موجود رہے، آلائشیں تلف کرنے کے لئے آپریشن بیک وقت اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور دیہی علاقوں میں جاری رہا، 2500 سے زائد عملہ اور 250 سے زائد گاڑیاں شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ان ایکشن رہیں۔
متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں، آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 55 مختلف مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے، اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں 2 لاکھ بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگ تقسیم کئے گئے تاکہ شہری قربان شدہ جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے متعلقہ جگہوں اور سی ڈی اے کے عملہ کے حوالے کرسکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے دو ایمرجنسی سیل قائم کئے گئے تھے، محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ صفائی ایکشن پلان عیدالاضحیٰ کے دوسرے اور تیسرے دن بھی جاری رہے گا۔