ڈی آئی خان :(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کےلیے دوبارہ تحریک کی تیاری کررہے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی عدالتوں سے منسلک ہے، ہماری عدلیہ آزاد نہیں ہے، ملک میں عدلیہ آزاد نہ ہونے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈالا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کی تحریک کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، ہم نے پہلے بھی تحریک چلائی ہے، اب دوبارہ تحریک کی تیاری کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ٹیکس فری بجٹ دیں گے، عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، صوبے میں میگا پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں، پشاور ڈیرہ موٹروے پر کام ہو رہا ہے جبکہ صوبے میں ایجوکیشن ایمرجنسی لگا رہے ہیں اور تعلیمی معیار کو اوپر لے جانا چاہتے ہیں۔
علی امین گنڈاپورنے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے بلا سود قرضے دیں گے، صوبے کے پاس قرض ادائیگی کیلئے ڈیڑھ سو ارب مختض کر رکھے ہیں، صوبے کے پاس اتنے پیسے ہیں کہ وفاق کو قرض دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقروض ملک آزاد اور خود مختار فیصلے نہیں کر سکتا، شروع سے کہہ رہے ہیں افغانستان کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو گا۔ وفاقی حکومت نے افغانستان کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے مزید کہا ہے کہ ہم کہتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں صوبے کو بھی شامل کیا جائے ،میں نے یہ بات موجودہ جرگہ میں بھی کہی ہے۔