کسان دشمن بااثر افراد وفاق اور پنجاب کے اہم عہدوں پر قابض ہیں: بیرسٹر سیف

Published On 10 June,2025 10:42 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کسان دشمن بااثر افراد آج بھی وفاق اور پنجاب کے اہم عہدوں پر قابض ہیں۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کسان اتحاد نے جعلی وفاقی حکومت، بالخصوص پنجاب میں ترقی کے جھوٹے دعوں کو بے نقاب کر دیا ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران صرف گندم کے کاشتکاروں کو 2200 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، جعلی حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے باعث گزشتہ سال کی نسبت زرعی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں گزشتہ سال نسبت کی 8.91 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، کپاس کی پیداوار میں 34 فیصد اور مکئی کی پیداوار میں 15.4 فیصد کمی ہوئی ہے، رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں فوڈ امپورٹ بل 7 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جعلی حکومت اس ریڑھ کی ہڈی کو دبا کر ترقی کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے، کسان دشمن بااثر افراد آج بھی وفاق اور پنجاب کے اہم عہدوں پر قابض ہیں، پنجاب میں کسان رل رہے ہیں لیکن مریم نواز کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ سال پنجاب کے کسانوں کے زخموں پر مرہم رکھا تھا، اگر وہ پنجاب کے کسانوں سے گندم نہ خریدتے تو شاید آج پیداوار اس سے بھی کم ہوتی۔