خیبرپختونخوا کے کالجز میں اساتذہ کی شدید کمی، ہزاروں آسامیاں خالی

Published On 10 June,2025 11:27 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا کے سرکاری جنرل اور کامرس کالجز میں ہزاروں اساتذہ کی آسامیاں برسوں سے خالی پڑی ہیں جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

دستاویزات اور ذرائع کے مطابق اساتذہ کی کمی تعلیمی معیار اور طلبہ کی کارکردگی پر منفی اثر ڈال رہی ہے، صوبے کے 200 سے زائد جنرل کالجز میں 2 ہزار 722 آسامیوں پر بھرتیاں ہونا باقی ہیں۔

ان میں گریڈ 17 کے لیکچررز کی 1 ہزار 608 آسامیاں بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ اسسٹنٹ پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر، پروفیسرز اور پرنسپل جیسے اہم عہدے بھی خالی پڑے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کامرس کالجز میں صورتحال اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہے جہاں 3 ہزار 86 آسامیاں تاحال پر نہیں کی جا سکیں، یہاں گریڈ 21 تک کے تدریسی عہدے بھی خالی ہیں جس سے معیاری تعلیم کا حصول شدید متاثر ہو رہا ہے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم مالی مشکلات کے باعث ان پر بروقت بھرتی ممکن نہیں ہو سکی، بھرتیوں کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اساتذہ کی بھرتیاں نہ کی گئیں تو آنے والے سالوں میں اعلیٰ تعلیم کا معیار مزید زوال کا شکار ہو سکتا ہے۔