دن بھر شدید گرمی کے بعد موسم کی انگڑائی، کئی شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

Published On 14 June,2025 01:19 am

لاہور: (دنیا نیوز) دن بھر شدید گرمی کے بعد موسم کی انگڑائی، ملک کے کئی شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، درجہ حرارت کم ہوگیا۔

اسلام آباد میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیز ہواؤں کا راج رہا، پسرور اور گردونواح میں تیز ہوا کے ساتھ بادل برسے، شکر گڑھ،ظفر وال میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے گرمی کی چھٹی کردی۔

سرگودھا شہر اور گردونواح میں تیز ہوائیں چلتی رہیں، متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، خانپور ہزارہ اور گرد و نواح میں کالی گھٹاؤں کیساتھ باران رحمت ہوئی، کرک میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے، دن بھر ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج آگ برساتا رہا۔

جنوبی علاقوں، اندرون سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی رہی، جیکب آباد میں پارہ 50، دادو اور سبی میں 49 ڈگری کو چھو گیا، سرگودھا، حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال میں 47 ڈگری رہا۔