لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں یہ ایک کربناک مجبوری ہے۔
پناہ گزین افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئی شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا زندگی بچانے کیلئے اپنا آنگن، اپنی مٹی، اپنی چھت چھوڑنا پڑتا ہے، جنگیں ختم ہو جاتی ہیں مگر مہاجرین کی بے گھری نسلوں تک رہ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین و شام کے دربدر مہاجرین انسانیت کیلئے ایک کڑا امتحان ہیں، دنیا کو ادراک ہونا چاہیے کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں، مظلوم ہوتا ہے، پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود فراخ دلی سے لاکھوں مہاجرین کی با عزت طریقے سے میزبانی کی۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنا ہے، مہاجرین کی فلاح کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، دعا ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو اور ہر انسان کو سکون نصیب ہو۔