اسرائیلی حملوں سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوئے: انجینئرامیر مقام

Published On 21 June,2025 06:35 pm

صوابی:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوئے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں انجینئر امیر مقام نے نئی کابینہ سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری نے ہر دور میں آئین، قانون اور جمہوریت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے، میری تجویز ہے کہ بارایسوسی ایشنز کی صدارت کا دورانیہ کم از کم دو سال ہونا چاہیے تاکہ قیادت کو مؤثر انداز میں کام کا موقع ملے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بروقت فیصلے کرتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے،اب معیشت میں بہتری آ رہی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 20.5 فیصد ہو چکی ہے اور ڈالر 307 سے کم ہو کر 277 روپے پر آ چکا ہے۔

انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتصادی استحکام واپس آ رہا ہے اور سرمایہ کاری کے دروازے کھلنے لگے ہیں، وزیراعظم اور ان کی ٹیم دن رات ملک کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے،فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتا ہوں پوری امت مسلمہ کو متحد ہو کر مظلوموں کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے تمام افراد کا شدید افسوس ہے ، ان حملوں سے پورے مسلم اُمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،صوبائی حکومت کے رویے کو غیر سنجیدہ اور عوام دشمن قرار دیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ جمہوریت کی توہین اور عوام کے مینڈیٹ کی تذلیل ہے، صوبائی بجٹ کی منظوری کو عمران خان کی منظوری سے مشروط کرنا کونسی عقل مندی ہےاس سے نقصان آپ کا؟

انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ ہمارا اور سب سے بڑھ کر خیبرپختونخوا کے عوام کا ہو رہا ہے،تقریب کے آخر میں انہوں نے صوابی بار کے لیے گرانٹ 20 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بار روم میں سولر سسٹم کی تنصیب سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔