اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں قانونی مقدمات کے نظام کا افتتاح کر دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری، اعلیٰ افسران اور منصوبہ ڈائریکٹر الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مقدمات کے نئے نظام سے عوام اور وکلا کو فوری معلومات میسر آئیں گی، مقدمات کی فہرست اور تفصیل عوامی رسائی کے لیے دستیاب ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق استقبالیہ پر جدید معلوماتی سکرین نصب کر دی گئی، مقدمات کی فہرست، فیصلے اور حکم نامے فوری دیکھے جا سکیں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مقدمات کی مکمل تفصیل چند لمحات میں حاصل کی جا سکے گی، چیف الیکشن کمشنر نے نظام کو اہم پیش رفت قرار دیا۔
منصوبہ ڈائریکٹر نے نئے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عوامی سہولت کے لیے بڑا قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء اور فریقین کو مقدمات سے متعلق فوری رہنمائی ملے گی، اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے منصوبہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔