ایران اسرائیل سیزفائر خوش آئند، پاکستان نے برادر ملک کی بھرپور حمایت کی: وزیراعظم

Published On 26 June,2025 01:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند ہے، پاکستان نے برادر اسلامی ملک کی بھرپور حمایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جس میں وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے کردار کو سراہتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنے دفاع میں اسرائیل کو بھرپور جواب دیا، ایرانی قوم نے بڑی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے بھرپور اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستان کا کھلے دل سے شکریہ ادا کیا، ایران نے صدر آصف علی زرداری، میرا اور فیلڈ مارشل کا نام لے کر شکریہ ادا کیا، ایران کی پاکستان کی سیاسی، عسکری قیادت اور عوام کی تعریف کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کی کھلے دل سے تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ پر بہت محنت کی گئی، وزیر خزانہ اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس مرتیہ ایوان میں حکومتی ارکان کی تعداد قابل اطمینان ہے، نائب وزیراعظم اور حلیف جماعتوں کی بجٹ میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکر گزار ہوں، بجٹ کی منظوری کیلئے تمام ارکان بہترین انداز میں کام کریں، منظوری کے بعد نئے مالی سال میں معیشت کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک فوج نے دشمن کو شکست فاش دی، پاک فوج فتنہ الخوارج کو کاری ضرب لگا رہی ہے، پاک فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے، ہم دشمن کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ محرم الحرام کا آغاز ہونے جا رہا ہے، وفاق اور صوبوں میں امن و امان کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، مجالس اور جلوسوں میں امن اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا جائے۔