8 فروری کو ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا، باقی پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا: شیخ وقاص اکرم

Published On 30 June,2025 04:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمارا ایک مینڈیٹ 8 فروری 2024 کو چوری ہوا، ہمارے باقی کے مینڈیٹ پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مخصوص نشستوں کو دیکھیں تو اس کا ایک پس منظر ہے، ملک میں آئین اور انصاف نہیں ہے، مخصوص نشستوں کو مال غنیمت سمجھ کر تقسیم کیا گیا۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی امنگوں کو گھونٹ دیا گیا ہے، یہ وہ پاکستان ہے جس میں سچ بولنا جرم بن چکا ہے، ہم ایسی ریاست میں ہیں جہاں نظام مفلوج ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں بے ضمیروں کی منڈیاں لگیں، خرید و فروخت ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے جمہوری مزاحمت کی۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 180 سیٹیں جیتیں لیکن 17 سیٹوں والی جماعت کو 110 سیٹیں دے کر حکومت پکڑا دی، آج سارے کا سارا عدالتی نظام تباہ ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سنگجانی جلسہ کیس: اسد قیصر کی ضمانت میں 6 اگست تک توسیع

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی، اڈیالہ جیل کے باہر شام 4 بجے تک روکے رکھتے ہیں پھر کہتے ہیں وقت ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ بانی سے ملاقاتیں بحال کی جائیں، ہم تمام آئینی و قانونی فورمز استعمال کرتے رہیں گے، دنیا دیکھ رہی کہ پاکستان کے سب سے بڑے لیڈر کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بجٹ کے دوران ہمارے اراکین اسمبلی نے احتجاج کیا، ہمارے 26 لوگوں پر پابندی لگا دی گئی، اپوزیشن کے 10 لوگوں پر 20 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔

رہنما پی ٹی آئی ے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز 9 مئی سے لے کر آج تک دہشت گردی کے پرچے برداشت کر رہے ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی صاحب کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔