لاہور: (دنیا نیوز) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کیلئے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق 9 اور 10 محرم کے دوران شہر بھر میں 600 سے زائد مجالس اور 117 جلوس برآمد ہوں گے جن کیلئے فول پروف ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محرم کے دونوں ایام میں شہر کے مختلف علاقوں سے 5 بڑے جلوس برآمد ہوں گے، یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسب روایت نثار حویلی سے برآمد ہو کر قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا، دیگر بڑے جلوسوں میں پانڈو سٹریٹ، خیمہ سادات، قصرِ بتول شادمان، نبی پور شیعاں لال پل، ماڈل ٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے برآمد ہونے والے ذوالجناح جلوس شامل ہیں۔
ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق شہریوں، زائرین اور جلوس میں شریک عزاداروں کی سہولت کیلئے پارکنگ اور ڈائیورشن پوائنٹس کو فرداً فرداً چیک کیا جا چکا ہے جبکہ موقع پر ٹریفک وارڈنز کی تعیناتی مکمل کر دی گئی ہے، سٹی ٹریفک پولیس کے 400 سے زائد ٹریفک انسپکٹرز اور 2200 سے زائد اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
سٹی ٹریفک آفیسر لاہور نے کہا کہ دو زونل ایس ایس پی، چار ڈویژنل ایس پی اور 21 ڈی ایس پی تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کریں گے جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی گاڑیوں کو فوری راستہ فراہم کرنے کا انتظام بھی موجود ہے۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور راستہ ایپ کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ رہیں، ہیلپ لائن 15 پر ہر وقت مدد اور رہنمائی دستیاب ہو گی۔
سی ٹی او لاہور نے ٹریفک وارڈنز کو لاوارث اشیا اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے اپنے سفر کو محفوظ بنائیں، سٹی ٹریفک پولیس لاہور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کی فضا کو یقینی بنائے گی۔